وزیراعظم عوامی شکایات ونگ بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

105

اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس جمعہ کو کمیٹی کے چیئرمین مجاہد علی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان جنید اکبر، منصور حیات خان، فوزیہ بہرام، محمود بشیر ورک، مہیش کمار ملانی، شمس النساءسمیت وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے شرکت کی۔ وزیراعظم شکایات ونگ کے انچارج وزیر ممکت نے کمیٹی کو بتایا کہ خطرناک مہلک امراض کے علاج کے سلسلہ میں پاکستان بیت المال اور وزارت صحت کے اشتراک سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ دیگر انتظامات کے ازالے کے لئے وزیراعظم شکایات ونگ کام کر رہا ہے۔ کمیٹی ارکان نے گردے، دل اور جگر کی پیوندکاری جیسے امراض کے شکار مریضوں کے علاج معالجے کے لئے تجاویز دیں۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے عام آدمی کی شکایات کے حوالے سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان ڈویژن ہیڈ کوارٹرز کے دورے کئے ہیں اور وہاں پر انہوں نے کھلی کچہریاں لگا کر عوامی شکایات بھی سنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو عام پبلک سے ملنے والی شکایات کے ازالے کے لئے وزیراعظم عوامی شکایات ونگ بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔