وزیراعظم قطر کا 2روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ

133

دوحہ ۔6مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف قطر کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔ پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے دورہ کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں شرکت کی۔

وہ امیر قطر کی جانب سے کانفرنس میں شریک سربراہان مملکت اور وزرائے اعظم کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے پیر کو کانفرنس کے اجلاس سے خطاب بھی کیا۔اس موقع وزیراعظم شہبازشریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی وسرمایہ کاری اور تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطر کے سرمایہ کاری بورڈ،قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او منصور ابراہیم المحمود نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کی مختلف تجاویز پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی ۔