اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے لئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 20 مئی سے بڑھا کر یکم جون 2025 تک کرنے کا اعلان کیاگیا ہے،آخری تاریخ میں توسیع سےطلباء کو سکیم کے وسائل سے فائدہ اٹھانے اور اپنی ڈیجیٹل خواندگی کو بڑھانے کا مواقع ملے گا۔یوتھ پروگرام کے ایک عہدیدار کے مطابق اس سکیم ، جو وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کا حصہ ہے، کو ملک بھر کے طلباء کی طرف سے پذیرائی ملی ہے۔
نئی ڈیڈ لائن کے ساتھ وہ طلباء جو ابتدائی موقع سے محروم رہے اب درخواست دے سکتے ہیں اور پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نوجوانوں میں سمارٹ ایجوکیشن اور ڈیجیٹل امپاورمنٹ کو فروغ دینے کی حکومت کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر اس اسکیم کا مقصد ایک لاکھ ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ کے ساتھ ان کی تعلیمی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے بااختیار بنانا ہے۔سکیم کی ویب سائٹ پر رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ہزاروں طلباء نے کامیابی کے ساتھ اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔تعلیم اور اختراع کو فروغ دینے کے لئے حکومت کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر وزیراعظم لیپ ٹاپ فیز فور کے تحت درخواستوں کی باضابطہ طور پر وصولی جاری ہے،
حکومت نے لیپ ٹاپ ڈسٹری بیوشن سکیم کے لئے اہلیت کے رہنما خطوط کا اعلان کیا ہے جس سے ایک منصفانہ اور میرٹ پر مبنی انتخاب کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔رہنما خطوط کے مطابق تسلیم شدہ سرکاری اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء درخواست دینے کے اہل ہیں۔ پی ایچ ڈی، ایم ایس/ایم فل، بیچلر، یا ماسٹرز پروگرامز میں داخل اور مخصوص تعلیمی تقاضوں کو پورا کرنے والے طلبہ اس کے اہل ہیں،کم سے کم سی جی پی اے 2.80 یا 60فیصد نمبروں کا کم از کم ہونا لازمی ہے جبکہ پہلے سال کے طلباء کو اپنے ہائیر سکینڈری سکول کے نمبر جمع کرنے کی ضرورت ہے۔
ایم ایس/پی ایچ ڈی طلباء کو اپنے پہلے سمسٹر میں اپنی پچھلی ڈگری کے نتائج جمع کرانے کی ضرورت ہے۔لیپ ٹاپ کی تقسیم میں کوٹہ سسٹم پر عمل کیاجائے گا جس میں بلوچستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں 18 فیصد طلباء اور 5 فیصد فاصلاتی تعلیم کے طلباء کے لئے مختص ہیں۔ فاصلاتی تعلیم کے کوٹہ میں 2.5فیصد ورچوئل یونیورسٹی اور 2.5فیصد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو دی جائے گی۔اہم بات یہ ہے کہ صرف فی الحال اندراج شدہ طلباء ہی اہل ہیں اور جو پہلے ہی گریجویشن کر چکے ہیں وہ سکیم سے فائدہ اٹھانے کے حقدار نہیں ہیں، چاہے انہوں نے اپنے اندراج کے دوران درخواست دی ہو۔لیپ ٹاپس شفاف انتخاب کے عمل کے بعد محکموں اور ڈگری پروگراموں میں میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔
طلباء پرائم منسٹرز ڈیجیٹل یوتھ ہب ایپ کے ذریعے رجسٹر ہو سکتے ہیں یا پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کی آفیشل ویب سائٹ www.pmyp.gov.pk پر جا سکتے ہیں جو اب لائیو اور آپریشنل ہے۔تمام درخواست دہندگان کو جلد درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔عارضی میرٹ لسٹ شائع ہونے کے بعد کسی بھی اعتراض یا شکایت کے لئے 15 دن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ تمام خدشات دور کرنے کے بعد حتمی میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز فورصرف ایک سرکاری پروگرام سے زیادہ ہے لیکن یہ ہمارے طلباء کے مستقبل میں امید اور سرمایہ کاری کی علامت ہے۔
یہ تسلیم کرتا ہے کہ آج کی دنیا میں، ڈیجیٹل رسائی ایک نصابی کتاب یا کلاس روم کی طرح ضروری ہے۔اس سکیم جو وزیراعظم کے دفتر کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے، نے پہلے ہی امید افزا نتائج دکھانا شروع کر دیئے ہیں، اس اقدام سے ہزاروں طلباء مستفید ہو رہے ہیں۔باصلاحیت اور مستحق طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کرکے حکومت کا مقصد ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا، اختراع کو فروغ دینا اور اگلی نسل کو عالمی معیشت میں مقابلہ کرنے کے لئے درکار مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔شفافیت، کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر انتخاب پر توجہ دینے کے ساتھ سکیم کے نفاذ پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2025 ءملک کے مستقبل یعنی اس کے نوجوانوں میں سرمایہ کاری کرنے کے حکومتی عزم کا ثبوت ہے۔جیسے جیسے یہ سکیم زور پکڑتی جا رہی ہے، توقع ہے کہ اس کا پاکستان کے تعلیمی منظرنامے پر دیرپا اثر پڑے گا، جو طلباء کو اپنی پوری صلاحیتوں کو حاصل کرنے اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے بااختیار بنائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598962