
ایبٹ آباد۔ 12 فروری (اے پی پی) وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 113 طلباءو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کر دیئے گئے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی تھے جبکہ گیسٹ آف آرنر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد تھے۔ تقریب کا اہتمام ”ڈائریکٹر آف اورک“ نے کیا تھا جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے نمائندہ ٹیکنیکل آفیسر منظور علی نے لیپ ٹاپ اور ایچ ای سی کی طرف سے طلبہ کو مہیا کی جانے والی سہولیات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ کیمپس پہنچنے پر وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کو خوش آمدید کہا۔