وزیراعظم محمد شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات کے وزیر ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

165

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ برادر ملک متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی،پاکستان اور یو اے ای تجارت، توانائی ، سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں جامع اقتصادی شراکت داری سے ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطحی وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس پریس ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم محمد بن راشد المکتوم سے اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات مشترکہ تاریخ اور ثقافت سے جڑے ہیں۔ وزیر اعظم نے تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کو اجاگر کیا ، جو دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار کی حامل ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یو اے ای کے وفد کا یہ دورہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برادر ملک متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔یو اے ای کے وزیر مملکت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے پاکستان میں اے ڈی پورٹس کی موجودہ سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں جہاز رانی،

بندرگاہوں کی کارکردگی بڑھانے، لاجسٹکس اور کسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ابوظہبی اے ڈی پورٹس گروپ کے ساتھ میری ٹائم افیئرز، ایوی ایشن، ریلویز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق چار مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی ۔ مفاہمت کی ان ہادداشتوں کے مطابق پاکستان اور اے ڈی پورٹس گروپ کسٹم، ریلویز، ایئر پورٹس کے بنیادی ڈھانچے ، میری ٹائم شپنگ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں ممکنہ تعاون کے تلاش کریں ۔ ان مفاہمت ناموں کا مقصد ڈیجیٹل کسٹم کنٹرول کو بہتر بنانا،

مال بردار ریل کے لیے وقف کردہ کوریڈورز تیار کرنا، پاکستان کے بحری بیڑے اور میرین سروسز کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو اپ گریڈ کرنا ہے۔متحدہ عرب امارات کے وفد میںکاہیل گروپ کے چیئرمین شیخ احمد دلموک المکتوم ، ابوظہبی پورٹس گروپ کےمنیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن محمد الشمیسی، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی اور اے ڈی پورٹس کے سینئر حکام شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ، ایس اے پی ایم طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام شامل بھی تھے۔