اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کی وفات پر ان کے صاحبزادے سے تعزیت کا اظہار کیاہے ۔
جمعرات کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق مرحوم کے بیٹے عماد محمد علی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے اقبال محمد علی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقبال محمد علی ایک شریف النفس ، پڑھے لکھے اور عوام دوست شخص تھے ، ملک وقوم اور جمہوریت کے لئے ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔