دوحہ۔24اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے امیرقطر کےوالد شیخ حمد بن خلیفہ ال ثانی اور والدہ موزہ بنت نصر سے بدھ کوملاقات کی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ان کے کردار کو سراہا ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنااوراپنے وفدکا پرتپاک خیرمقد م کرنے پر امیرقطر کے والد کاشکریہ اداکیا، ان کے لئے نیک تمنائوں کااظہار کیا اور باہمی اعتماد اور حمایت کی مضبوط بنیاد پرقائم قطر کے ساتھ دیرینہ اور قریبی تعلقات کو پاکستان کی طرف سے دی جانے والی اہمیت کاذکر کیا۔ 1999 اور 2017 میں امیر قطر کے والد کے پاکستان کے دوروں کاذکرکرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ان کے کردار کو سراہا اور ان کے دور میں دوطرفہ تعلقات میں استحکام کااعتراف کیا۔
امیر کی قطر کی والدہ شیخہ موزہ بنت نصر کی کی سرپرستی میں "تعلیم سب سے بڑھ کر” پروگرام کاذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے انسانی ہمدردی اور خیراتی سرگرمیوں کے لئے ان کی کوششوں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بالخصوص سکول سے باہر بچوں کے داخلے کے لئے خدمات کو سراہا۔
وزیر اعظم نے قطر اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنےوالے قطر میں مقیم 2 لاکھ سےزیادہ پاکستانیوں کی میزبانی پر امیر قطر کے والد کاشکریہ اداکیا۔ وزیراعظم نے قطر کے وژن 2030 کے حوالے سے قطر کے ساتھ مزید تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم نے فیفا ورلڈکپ2022 کی میزبانی پر قطر کے لئے خیر سگالی کےجذبات اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی