وزیراعظم محمد شہبازشریف کی بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

213
محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو صورتحال کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں اور محکموں کے اشتراک عمل سے کام کریں،جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کے لئے فراہم کی جائے اور جہاں ضرورت ہے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔وزیراعظم نےنیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لئے موثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ بارشوں کی صورتحال میں شہری خدمات کے تمام محکمے الرٹ رہیں، قومی جذبے اور ذمہ داری کے احساس سے کام کریں ۔ وزیراعظم نے عوام سے بھی اپیل کہ موسمی شدت کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔