18.8 C
Islamabad
اتوار, فروری 23, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم محمد شہباز شریف کی قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف سے...

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف سے ملاقات

- Advertisement -

آستانہ۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز قازقستان کے سرمایہ کاروں کیلئے کھلے ہیں، قازقستان اپنی تجارت کو وسعت دینے کیلئے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھائے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمعرات کو قازقستان میں سیکا سربراہی اجلاس کے موقع پر قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، باہمی روابط اور توانائی سمیت دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون پر پیشرفت کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے ستمبر 2022 میں سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر قازقستان کے صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا جس میں کثیر جہتی تعاون کو مزید تقویت دینے کی رفتار کا تعین کیاگیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے اور سرمایہ کاری میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، مواصلات اور تعمیرات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کاروباری روابط، عوام سے عوام کے رابطوں اور سیاحت کو بڑھانے کے لئے براہ راست فضائی رابطے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز قازقستان کے سرمایہ کاروں کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے قازقستان کو اپنی تجارت کو وسعت دینے کے لئے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔

وزیر اعظم ایشیا میں بات چیت اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس (سیکا) سمٹ میں شرکت کے لئے قازقستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ قازقستان چھٹے سیکا سربراہی اجلاس کا چیئر اور میزبان ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=332543

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں