وزیراعظم محمد شہبازشریف کی لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کے آبائی گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار

167
Prime Minister Shahbaz Sharif

فیصل آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت نے وطن سے وفا کے اپنے عہد کی پاسداری کرتےہوئے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کیا، قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔

بدھ کو وزیراعظم محمد شہبازشریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنہ الخوارج کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کے فیصل آباد میں آبائی گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کےمشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا ءاللہ ، سینیٹر طلال چوہدری بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتےہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے شہدا مجھ سمیت پوری قوم کا فخر اورہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ پاکستانی قوم اپنے شہدااور ان کےاہل خانہ کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید نے جان کی پروا ہ کئے بغیر دشمن کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کیا اور وطن سے وفا کے اپنے عہد کی پاسداری کی۔ لیفٹیننٹ کرنل محمدعلی شوکت 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کو شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوگئے تھے۔ ان کے ہمراہ پاک فوج کے 5 دیگر جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا جبکہ 6 خوارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔