وزیراعظم محمد شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

132

کراچی۔14فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف آج (منگل کو) ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جار ی بیان کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نیوی کے زیر اہتمام جاری بین الاقوامی مشترکہ بحری مشقوں کا معائنہ کریں گے جس میں 50 سے زیادہ ممالک کی بحری افواج کے دستے شریک ہورہے ہیں۔

ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی ان مشقوں کا بنیادی مقصد بحری قزاقوں، دہشت گردوں، منشیات اور اسلحہ سمگلروں کے خلاف موثر مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا ہے۔ وزیر اعظم کو اس سلسلے میں بریفنگ دی جائےگی۔اس موقع پر وزیر اعظم بحری قزاقوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کا مظاہرہ دیکھنے کے علاوہ دیگر بحری مشقوں اور پیشہ وارانہ مہارتوں کا مشاہدہ بھی کریں گے۔