اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے پر آذربائیجان روانہ ہو گئے ۔جمعرات کو وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف خان کینڈی میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی و عالمی چیلنجز اور امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے، اقتصادی تعاون تنظیم کے وژن 2025 کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔ وزیرِ اعظم علاقائی تجارت کے فروغ، علاقائی روابط کی مضبوطی، توانائی کے شعبے میں تعاون اور خطے میں پائیدار ترقی کے حصول کے اقدامات پر زور دیں گے۔
وزیرِ اعظم سربراہ اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں۔