لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملکی ادارے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے دن رات کوشاں ہیں،حالیہ سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے، سیلاب متاثرین میں امداد کی مصنفانہ تقسیم کی ذمہ داری حکومت پاکستان کی ہے ، جلسوں کی وجہ سے عمران خان کی مقبولیت میں کمی ہو رہی ہے،میاں نواز شریف جلد وطن واپس آ ئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، اس مشکل وقت میں بھی عمران خان جلسے کر رہا ہے حالانکہ جلسوں کی وجہ سے عمران خان کی مقبولیت میں کمی اور جلسوںکے انعقاد پر کروڑوں خرچ کئے جا رہے ہیں،عمران خان پاکستانی قوم کیلئے کوئی جذبات نہیں رکھتے اگر ان کے دل میں پاکستانی قوم کیلئے کوئی جذبہ ہوتا تو وہ جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کی بجائے سیلاب متاثرین کی مدد کرتے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ریاست کی کوئی پرواہ نہیں ،یہ لوگ صرف اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں،عمران خان اپنے فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کو چھپانے کیلئے اداروں پر دبائو ڈال رہے ہیں،انہوں نے بھرپور کوشش کی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ حکومت کا کوئی معاہدہ نہ ہو جس میں وہ بری طرح ناکام ہوئے ،عمران خان نے کہا تھا کہ میں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوں گا خودکشی کر لوں گا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بھی تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے معاہدہ سے انحراف کیا،یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قوم کو یکجا کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس وقت بے سروسامانی کی حالت میں اورحالیہ سیلاب سے 3کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں،موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زیادہ بارشیں اور سیلاب آ رہے ہیں، پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین ،ترکی اور سعودی عرب سمیت دیگر دوست ممالک نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے جن کے ہم بے حد شکر گزار ہیں،عمران خان جن کی حکومت پنجاب ، کے پی کے ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ہے لیکن وہ اپنے اندر عوام کا کوئی جذبہ نہیں رکھتے، لگتا ہے کہ انہیں منع کیا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ نہیں کرنا اور ان کی دادرسی کرنے سے دور رہنا ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ جوڈیشل وزیراعلی اور ان کے بیٹے مونس الہی نے سیلاب سے متاثرہ ایک بھی علاقے کا دورہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آ ئی ایم ایف نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں مہنگائی اور معاہدے سے انحراف کا ذمہ دار عمران خان اور اس کی حکومت تھی،تیمور جھگڑا ، محسن لغاری، شوکت ترین کو آ ئی ایم ایف کو خط لکھنے کا کہا گیا کہ آ ئی ایم ایف حکومت سے معاہدہ نہ کرے ، انہیں یہ احساس نہ ہوا کہ ان کے عمل سے پاکستان میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا،وفاقی حکومت ان لوگوں کیخلاف کارروائی کرنے کا سوچ رہی ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ جب تک پی ٹی آئی کی صفوں میں فواد چوہدری جیسے لوگ موجود ہیں اس وقت تک عمران خان سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں چاہے وہ جتنے مرضی خطرناک ہو جائیں، پنجاب میں چوریاں اور ڈاکے پڑ رہے ہیں جبکہ وزیر اعلی سیاسی مقدمے بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان میر جعفر اور میر صادق ہیں، انکو سارا تحفظ پنجاب حکومت سے مل رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے پر امید ہیں، مونس الہی نے میا ں نواز شریف کو مقبول لیڈر قرار دیا ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔