وزیراعظم محمد شہباز شریف رواں ہفتہ کے دوران اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کی پریس کانفرنس

112

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف رواں ہفتہ کے دوران اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے، وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کو سعودی عرب، ترکی، چین، روس، جرمنی، متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش، برطانیہ، امریکہ، بھارت، نیپال اور کئی دیگر ممالک کے علاوہ صدر یورپی یونین کی جانب سے تہنیتی پیغامات موصول ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے اپنے پہلے خطاب میں ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہارکیا ہے، انہوں نے پاکستان کے اہم پارٹنرز کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دینے اور سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیاہے، سفارتی کیبل سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کے جائزے کی بنیاد پر قومی سلامتی کمیٹی پہلے ہی اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ سابق حکومت کو ہٹانے کی کوئی غیر ملکی سازش نہیں تھی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے پیر کو پریس کانفرنس میں کہا کہ بریفنگ ایک وقفے کے بعد ہورہی ہے جس کے دوران پاکستان کے آئین کے مطابق ایک پرامن، جمہوری سیاسی منتقلی ہوئی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ معاملہ پہلے ہی طے پاچکا ہے، اب توجہ سفارت کاری اور پاکستان کے بہترین مفاد میں ہمارے اہم تعلقات پر ہونی چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ بنیادی توجہ ہمارے شراکت داروں اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے پر مرکوز ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان کے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے اور دونوں فریق دیرینہ تعلقات کو استوار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے خواہاں ہیں۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے غیر ذمہ دارانہ تبصرے کرنے سے گریز کرنے پر زور دیا کیونکہ کسی ملک کے لیے موثر سفارت کاری کے لیے اعتماد اور رازداری کا عنصر مرکزی ہوتا ہے اور اس طرح کے واقعات سفارت کاری کو نقصان پہنچانے اور ملک کے بیرونی تعلقات کو پیچیدہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے مفادات کے دفاع کے ساتھ ساتھ اپنے استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ٹیلی گرام کو روکنے کے دعوے بے بنیاد اور غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائفر ٹیلیگرام موصول ہوا اور متعلقہ حکام کے ساتھ مناسب طریقے سے شیئر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہونے اور ترکی کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر حمایت کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے حق خود ارادیت کے لئے برسر جدوجہد کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم سے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل پر آمادہ ہوجائیں تاکہ دونوں ممالک ترقی کے چلینجز پر اپنی توانائیاں صرف کرسکیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے سویڈن میں ریلیوں میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور ہالینڈ کے ایک سیاستدان کی جانب سے رمضان المبارک میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز حملوں کی شدید مذمت کی۔

ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خلاف بھرپور انداز میں کام کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بیساکھی کے موقع پر بھارت کے 2200 سکھ یاتریوں کو ویزا جاری کیا۔ ترجمان نے افغانستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور فلسطین کے مسئلہ کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا اور فلسطینی عوام اور ان کے کاز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

ترجمان نے بھارتی وزیر اعظم کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد عالمی رائے عامہ کو گمراہ اور مقبوضہ علاقے میں حالات کے نارمل ہونے کا دعوی کرنا ہے۔ ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں نئے آبی منصوبوں کو شروع کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور اسے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قراردیا۔ انہوں مقبوضہ کشمیر میں نہتے نوجوانوں کے قتل اور بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی سخت االفاظ میں مذمت کی۔