اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور بحرین کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے آئی ٹی، ادویات، تعمیرات، غذائی تحفظ اور ہنر مند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل گارڈ سلطنت بحرین کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو سراہا ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور آئی ٹی، ادویات، تعمیرات، غذائی تحفظ اور ہنر مند افرادی قوت کے حوالے سے باہمی تعاون کو بڑھانے پر بھی زور دیا۔
بحرین کے کمانڈر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوطرفہ تعلقات کا ذکر کیا اور مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کی خواہشات کا اظہار کیا۔ بحرین میں اس وقت 120,000 سے زائد پاکستانی موجود ہیں جو دونوں ممالک کی ترقی اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔