اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی ملاقات کے دوران نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی معاملے پر مزید سوچ بچار کے بعد کل جمعہ کو دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے آئین کی روشنی میں قائد حزب اختلاف کو نگراں وزیراعظم کی تقرری کیلئے مشاورت کے حوالے سے ملاقات کی دعوت دی تھی۔ ملاقات میں وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے مابین نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا۔ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی معاملے پر مزید سوچ بچار کے بعد کل جمعہ کو دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔