وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ کے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو نائب صدر مختار ڈیوپ کی ملاقات

191
International Finance Corporation
International Finance Corporation

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں آئی ایف سی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے برآمدات کے ذریعے ملکی ترقی پر توجہ دینے اورملکی معیشت کے پورے ایکو سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن اور افرادی قوت بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے مختلف پروگرامز کو ڈیزائن کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔جمعہ کووزیراعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ کے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو نائب صدر مختار ڈیوپ کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں آئی ایف سی کے جاری اور ممکنہ و متوقع اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ اور وزارت خزانہ و اقتصادی امور کے سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم نے ورلڈ بینک گروپ کی پاکستان میں حال ہی میں 40 بلین امریکی ڈالر کے بے مثال عزم کے ساتھ جاری کردہ دس سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-35) کے اجراء کو سراہا۔ اس میں انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور بین الاقوامی بینک برائے تعمیر نو اور ترقی کے ذریعہ 20 بلین امریکی ڈالر کا آسان شرائط کا قرضہ شامل ہوگا۔ آئی ایف سی پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے مزید 20 بلین امریکی ڈالر اکٹھا کرے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پورٹ فولیو کو بڑھانے میں آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے آئی ایف سی کی پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، مواصلات و آمد و رفت، بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، موسمیاتی لچک، شعبہِ صحت اور پانی اور صفائی سمیت کلیدی شعبوں کے تحت اپنے تعاون کو بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت اور اسے مزید مؤثر بنانے کے لئے دیگر کثیر جہتی اداروں کے نجی شعبے کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کیلئے بھی آئی ایف سی کی حوصلہ افزائی کی۔وزیراعظم نے برآمدات کے ذریعے ملکی ترقی پر توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی معیشت کے پورے ایکو سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن کی جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

مختار ڈیوپ نے سڑکوں اور بجلی کے شعبوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔انہوں نے بالخصوص ٹرانسمیشن لائنوں، ہوائی اڈوں کی خدمات، گندم کے ذخیرہ کرنے کے بنیادی ڈھانچے بشمول سائلوز کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے میں نجی شعبے کے کردار کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ ملاقات میں پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے صحت مند افرادی قوت کے لئے پانی، صحت اور صفائی ستھرائی میں نجی سرمایہ کاری کے جامع نظام کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی جس میں مطلوبہ سماجی تحفظات ہیں۔مختار ڈیوپ نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کی جاری کامیاب معاشی اصلاحات کے پروگرام کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی متحرک قیادت میں پاکستان میں نجی شعبے کے آپریشنز کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی حکومت کی کوششوں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں نجی شعبے کے لئے آئی ایف سی کی جانب سے حکومت کی ترجیحات سے ہم آہنگ حمایت جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا۔ وزیراعظم نے افرادی قوت بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے مختلف پروگرامز کو ڈیزائن کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو مختلف اقدامات کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جار ہی ہے۔ مختار ڈیوپ نے حکومت کے ترجیحی شعبوں پر آئی ایف سی کی توجہ کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان میں آئی ایف سی کی اقدامات کے حوالے سے مسلسل حمایت پر وزیراعظم اور حکومت کے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔