اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے مؤثر بحالی اور تعمیر نو کے فریم ورک (آر ایف 4) کا اجراء کر دیا ہے۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے ملاقات کی اور انہیں آر ایف 4 رپورٹ کی کاپی پیش کی۔ ملاقات میں سیکرٹری منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ اور وزارت منصوبہ بندی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ آر ایف 4 دستاویز حالیہ موسمیاتی سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی بحالی اور تعمیر نو کا ایکشن پلان ہے، یہ دستاویز اس سال اکتوبر کے آخر میں شروع کی گئی سیلاب کے بعد نقصانات اور ضروریات کے تخمینہ (پی ڈی این اے)رپورٹ اندازے کے مطابق نقصان پر مبنی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ آر ایف 4 دستاویز میں مختصر، درمیانی اور طویل مدتی مؤثر موسمیاتی حکمت عملی شامل ہے۔
وزیر اعظم نے اس اہم فریم ورک کو تیار کرنے کیلئے پاکستان بھر کیلئے جامع نقطہ نظر کو اپنانے پر وزارت منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات، ترقیاتی شراکت داروں، متعلقہ وزارتوں، این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور ان کی ٹیم کو ان کی محنت پر مبارکباد دی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ 9 جنوری 2023 ء کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والی آئندہ ترقیاتی کانفرنس میں اس فریم ورک کو موثر بنانے کے لئے ضروری کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وزارت منصوبہ بندی وزارت خارجہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور اقتصادی امور ڈویژن کے ساتھ مل کر دستاویز کی اندرون و بیرون ملک تمام سٹیک ہولڈرز تک مؤثر فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کرے۔