اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی اور پاکستان اور چین کی قیادت کے درمیان طے پانے والے مفاہمت اور تعاون کے معاہدوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے نومبر 2022 میں اپنے دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے پاک۔ چین دوستی مزید مضبوط ہو ئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک پارٹنرشپ بھی بڑھی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے سابق صدر جیانگ زیمن کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے قابل اعتماد دوست تھے جن کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جائے گا۔
وزیر اعظم اور چینی سفیر نے حالیہ اعلیٰ سطحی دورے کے اہم نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کی قیادت کے درمیان بیجنگ میں طے پانے والے مفاہمت اور تعاون کے معاہدوں کے بہترین نتائج کے لئےمعاہدوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔