اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہاہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں وژن پاکستان منصوبے کے اہداف حاصل کریں گے ، حکومتی کوششوں کی بدولت بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے ،وزیراعظم محمد شہباز شریف معیشت کی ترقی کے لیے اہم اقدامات کررہے ہیں ،ایسی پالیسیاں متعارف کرارہے ہیں جن سے نوجوان ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ، پاکستان کے دروازے دنیا کے لیے کھل چکے ہیں ۔
یہاں منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہاکہ اس وقت پاکستان کو سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے ،ان چیلنجز کے باوجود معیشت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے تین ماہ کی قلیل مدت میں بنائی گئی پالیسیوں کے ثمرات جلد ملیں گے ،اس مختصر عرصہ میں چین ،سعودی عرب ،کویت ،متحدہ عرب امارات ،قطر اور دنیا کے دیگر ممالک کے لیے پاکستان کے دروازے کھل چکے ہیں ،پ
اکستان آج دوبارہ دنیا کو لیڈ کرنے کی پوزیشن میں آ رہا ہے ،پاکستان کے نوجوانوں میں بے انتہا پوٹینشل ہے ،نوجوانوں کو جب پلیٹ فارم مہیا کیا جاتا ہے تو وہ دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں ،نوجوانوں کو مثبت پلیٹ فارم کی فراہمی کا وژن ہے ،نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں ساتھ چلنا ہوگا ،آئی ٹی سیکٹر 2.5ارب ڈالرکی انڈسٹری ہے ،ہمارا وژن یہ ہے کہ ہم نے اگلے پانچ برس میں آئی ٹی انڈسٹری کو 25 ارب ڈالر کی انڈسٹری بنانا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اب درست سمت میں گامزن ہے ،اب پاکستان کی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا،پاکستان کے پاس باصلاحیت نوجوانوں کی دولت ہے ، ملک کی 65 فیصد نوجوان آبادی اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ، 2008 اور 2013 میں بھی پاکستان کا ڈیجیٹلائزیشن کی جانب سفر کا آغاز بھی ہماری قیادت نے ہی کیا تھا ،نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حکومت پرعزم ہے ۔