لاہور۔9مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں جس ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں، ہماری قومی ویمن فٹ بال ٹیم نے سعودی عرب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اب اولمپک میں کوالیفائی کرنے کیلئے تاجکستان جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز خواتین کے عالمی دن کی مناسب سے قومی ویمن فٹ بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دورہ کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر شیزا فاطمہ نے فٹبال ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ملکی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور ملکی ترقی کیلئے خواتین کو آگے آنا ہوگا،ہماری ویمن فٹ بال ٹیم نے سعودی عرب میں جو کارکردگی کامظاہرہ کیا اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر ٹیم کی کپتان ماریہ کی کارکردگی سے متاثر ہوئی ہوں ،اگر ہمارے کھلاڑیوں کو مناسب پلیٹ فارم میسر آ جائے تو وہ دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں اسی چیز کودیکھتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کیلئے خصوصی پروگرام شروع کئے جن میں سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرا م نمایاں ہے، اس پروگرام کے تحت ہمارے نوجوانوں کو مقامی سطح پر اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع فراہم کیاجا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری فٹ بال ٹیم اولمپک میں کوالیفائی کرنے کیلئے تاجکستان جا رہی ہے ،میں قوم سے گزارش کروں گی کہ وہ کوالیفائنگ رائونڈ میں کامیابی کیلئے اپنی ٹیم کیلئے دعائیں کریں ۔
شیزا فاطمہ نے کہا کہ کسی بھی شعبہ میں ترقی کیلئے ایسے پروگرام ہمیشہ نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہیں جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ہو۔انہوں کہا کہ فیفا کے انتخابات جلد ہوں گے جس میں منتخب کمیٹی تشکیل پائے گی جو فٹ بال کے فروغ کیلئے مزید موثر اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم نے ڈیپارٹمنٹ سپورٹس ختم کر دی تھیں جس سے کھلاڑی بے روز گار ہو گئے اور وہ اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے پاکستان سے باہر جانے کا سوچ رہے تھے مگر اس مسئلے کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیپارٹمنٹ سپورٹس کو فوری بحال کر دیا۔