
اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور ان منصوبوں کی برق رفتار پیشرفت میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کلیدی کردار ہے، ان منصوبوں سے ٹریفک کے دبائومیں کمی، ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کی آمد و رفت میں آسانی اور راولپنڈی اور اسلام آباد میں روزگار کے لئے روزانہ سفر کرنے والوں کے لئے سہولت پیدا ہو گی۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم کے افتتاح کردہ منصوبوں میں پی ڈبلیو ڈی سے ٹی چوک تک اسلام آباد ایکسپریس وے کی توسیع اور بحالی کا سنگِ بنیاد، راولپنڈی رنگ روڈ کا سنگِ بنیاد اور اسلام آباد ایکسپریس وے انٹرچینج کا افتتاح سرفہرست ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان منصوبوں سے ٹریفک کے دبائومیں کمی، ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کی آمد و رفت میں آسانی اور راولپنڈی اور اسلام آباد میں روزگار کے لئے روزانہ سفر کرنے والوں کے لئے سہولت پیدا ہو گی۔