اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ ترکیہ کے دوسرے روز ترکیہ کی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی کاوشوں کو اجاگر کیا ہے۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں کاروبار شعبہ میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم نے یہ بات پاک ترک بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان بے پناہ غیر استعمال شدہ کاروباری اور تجارتی پہلوئوں کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ تاجر برادری نے پاکستانی حکومت کی غیر متزلزل حمایت کے بارے میں اور تجارتی سفارت کاری کے نئے دور کا آغاز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔