وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کرلیا

132

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کرلیا۔ یہ بات وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں بتائی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دورے کے دوران گزشتہ رات سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان جدہ میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران تجارتی اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستانی افرادی قوت کے لئے مواقع پیدا کرنے کے معاملات زیر بحث آئے۔ سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلی سطح کا وفد وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ تھا۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب کے تین روزہ دورہ کے دوران اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ فلسطین اور افغانستان کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔