عمران نیازی پاکستان دشمنی اور ملکی مخالفت پر اترے ہوئے ہیں، بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہانے والے اسرائیل کی طرف سے پاکستان کے اندرونی معاملات سے متعلق بیان کی پوری قوم مذمت کر رہی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

118
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نائنتھ ایونیو اور خیابان اقبال کے سنگم شاہین چوک پر فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی پاکستان دشمنی اور ملکی مخالفت پر اترے ہوئے ہیں، بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہانے والے اسرائیل کی طرف سے پاکستان کے اندرونی معاملات سے متعلق بیان کی پوری قوم مذمت کر رہی ہے، 9 مئی کا واقعہ اگر اسرائیل میں ہوتا تو وہ ذمہ داروں کے خلاف کتنی تباہی کرتا، معاشی بحالی کا پروگرام ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کر دے گا، آئی ایم ایف پروگرام کی آج منظوری ہو جائے گی، بہارہ کہو فلائی اوور کا افتتاح رواں ماہ کے آخر میں ہو جائے گا، موجودہ حکومت کے سوا سال میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا، الیکشن کے بعد ہمیں موقع ملا تو اگلے پانچ سال میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ، تعلیم کے فروغ، زرعی ترقی اور ملکی خوشحالی کیلئے جان لڑا دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نائنتھ ایونیو اور خیابان اقبال کے سنگم شاہین چوک پر فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے اور موسم برسات کی شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی، چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل اور راولپنڈی، اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت بھی موجود تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح اور ترقی کے ایک اور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، اس پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں، ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، بہارہ کہو فلائی اوور انتہائی اہم منصوبہ ہے، اس منصوبے کا تعلق صرف اسلام آباد اور راولپنڈی سے نہیں پورے ملک سے ہے، موسم گرما میں لاکھوں افراد یہاں سے سفر کرتے ہیں لیکن بہارہ کہو میں گھنٹوں ٹریفک جام رہتی تھی، اسی ماہ کے آخر میں اس عظیم منصوبے کا افتتاح ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں یہ تسلی ہو گی کہ ایسا منصوبہ جس کا تعلق پورے ملک سے ہے، مکمل ہونے جا رہا ہے، اس کی پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے، حجاج کرام نے ملک کیلئے خصوصی دعائیں کی ہیں، آج آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس ہے انشاء اﷲ اس میں آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری ہو جائے گی، پاکستان اعتماد اور یقین کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لئے حلوہ اور کھیر نہیں ہے بلکہ سخت پروگرام ہے جسے مجبوراً قبول کیا ہے، سابق حکومت نے آخری دنوں میں ریاست کو دائو پر لگایا اور سیاست کیلئے ایک ایسی گھمبیر حرکت کی کہ جس سے پاکستان کو نقصان پہنچا، ہم نے سیاست کو دائو پر لگا کر ریاست کو بچایا ہے، عمران نیازی پاکستان دشمنی اور پاکستان کی مخالفت پر اترے ہوئے ہیں، نواز شریف اور اتحادی حکومت کے زعماء نے ملک کیلئے سیاست کی پرواہ نہیں کی، اسی خلوص نیت کی بدولت پاکستان کی ریاست بچ گئی ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اور بحالی کا پروگرام بن گیا ہے،

وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں اور افواج پاکستان اس پروگرام میں شریک ہیں، اﷲ نے چاہا تو اس پروگرام کی بدولت پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو گا، اس میں زراعت کی ترقی، ٹیکسٹائل برآمدات کا فروغ، معدنیات کی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ شامل ہیں، آج پاکستان قرضوں کے پہاڑ تلے دبا ہوا ہے لیکن اس پروگرام کی وجہ سے اس بوجھ سے نکل آئے گا اور ملک اسلامی دنیا اور عالمی افق پر ایک مضبوط اور طاقتور ملک بن کر ابھرے گا اس کیلئے ہمیں کمر باندھنا ہو گی اور جوان جذبہ کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے عمران نیازی نے سوا سال میں ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرنے کیلئے جو ملک دشمنی کی ہے وہ سب جانتے ہیں، دو صوبوں کے وزراء خزانہ کے ذریعے آئی ایم ایف کے پروگرام کو ناکام بنانے کیلئے ہدایت کی جاتی رہی، پاکستان کے سری لنکا بننے کی باتیں کی جاتی رہیں، عمران نیازی اپنے جتھے کے ساتھ دن رات کوشش کر رہے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کو ایک ایسے الیکشن کے نتیجہ میں اقتدار پر بٹھایا گیا جو ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن تھا، چار سالوں میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، ہماری حکومت کی مدت ختم ہونے میں ایک ماہ باقی ہے، سوا سال میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا، یہ اﷲ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے، ہم نے ملکی مفاد کو ترجیح دی ہے، اربوں ڈالر کی گندم اور کھاد خریدی گئی لیکن اﷲ تعالیٰ نے ہمیں ہر معاملہ میں سرخرو کیا اور شفاف طریقہ سے معاہدے کئے گئے اور سب سے کم بولی دینے والی کمپنیوں سے اربوں روپے مزید کم کرائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں گندم اور چینی کی برآمد اور درآمد میں اربوں روپے کا اپنے لوگوں کو فائدہ پہنچایا گیا، عمران نیازی بڑے بڑے دعوے کرتا تھا اور چار سال اپوزیشن کو چور، ڈاکو کہتا رہا، اس شخص کے مقابلہ میں موجودہ حکومت نے جو کام کئے ہیں وہ سب جانتے ہیں،

ہم نے بجلی کی پیداوار کے منصوبے مکمل کئے، چین کی حکومت نے پاکستان کو صرف بجلی کی پیداوار میں 30 ارب روپے کا فائدہ دیا ہے، دوسری طرف خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی جیب میں ڈالنے اور کابینہ سے بند لفافے کے ذریعے منظوری لینے والے کے 190 ملین پائونڈ ڈاکے کی حقیقت بھی سامنے آ چکی ہے، یہ بدترین لوٹ مار ہے، جو رقم قومی خزانہ میں آنی چاہئے تھی اس کی سپریم کورٹ کے اکائونٹ میں جانے کی کیا تک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2018ء میں عمران نیازی کو سازش کے ذریعے اقتدار دیا گیا، 9 مئی کو ملکی تاریخ کے بدترین واقعات ہوئے جن کے بارے میں کبھی کسی نے سوچا بھی نہیں تھا، کل اسرائیل کی طرف سے جو بیان آیا اس کی پوری قوم اس کی بھرپور مذمت کر رہی ہے، فلسطین میں 75 سال سے مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے، ہزاروں بچوں، مائوں اور بیٹیوں کو شہید کیا جا چکا ہے، ب

چوں کو یتیم اور خواتین کو بیوہ کیا گیا، ان پر دن رات راکٹ برسائے جاتے ہیں، تاریخ میں ظلم و بربریت کی اس طرح کی کوئی اور مثال نہیں ملتی، وہ اسرائیل کہتا ہے کہ پاکستان میں جو ظلم، زیادتی ہو رہی ہے اور ناجائز کیسز بنائے جا رہے ہیں اور ناانصافی ہو رہی ہے وہ ختم ہونی چاہئے، اسرائیل کو تو خود اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، 9 مئی کا واقعہ اگر اسرائیل میں ہوتا تو وہ وہاں پر کتنی تباہی کرتا، آئین و قانون کے مطابق اس معاملہ کو حل کیا جا رہا ہے، اگر یہی بات تھی تو 6 جنوری 2021ء کو کیپٹل ہل میں جو ہوا اور اس کے نتیجہ میں جو سزائیں دی گئیں اسرائیل نے اس کے بارے میں تو کوئی بات کیوں نہیں کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہ سازش ہے جس کے تانے بانے کہاں کہاں ملتے ہیں، کسی معاملہ کو مذہبی رنگ دینے پر یقین نہیں رکھتا، ہر ایک کو اپنے اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے، یہودیوں کا مذہب بھی انہیں یہ حق نہیں دیتا کہ وہ دن رات بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام کریں، پاکستان میں اگر 9 مئی کو تاریخ کی بدترین ترین حرکت ہوئی ہے اور دوست نما دشمنوں یہ حرکت کی ہے تو آئین و قانون اپنا راستہ اپنا رہا ہے، ان کے پیٹ میں کیوں درد اٹھتا ہے، ہر ایک کو اپنے اپنے ملک میں حق ہے کہ وہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرے، 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، شہداء کی بے حرمتی کی گئی، ان کے مجسموں کو توڑا گیا اور ملک میں انارکی پیدا کرنے کی بدترین کوشش کی گئی اس کو قوم نہیں بھولے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں موقع ملا تو اگلے پانچ سال میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے جان لڑا دیں گے، تعلیم کے فروغ کیلئے طلباء و طالبات کو وسائل فراہم کریں گے،

زراعت کی ترقی کا پہیہ چلائیں گے، شمسی توانائی کے فروغ اور معدنیات کے خزانے تلاش کرکے ملک کو محب وطن جماعتوں کے ساتھ ترقی کی منزل تک پہنچائیں گے لیکن اگر کسی اور محب وطن جماعت کو عوام نے کامیاب کیا تو اسے بھی قبول کریں گے اور پارلیمان میں اپنا کردار ادا کریں گے، یہ ہماری سوچ ہے، پی ٹی آئی کی یہ سوچ نہیں ہے، عمران نیازی کی سوچ یہ ہے کہ اگر وہ وزیراعظم ہے تو ٹھیک نہیں تو خدانخواستہ ملک کو توڑ دو، مسلح افواج کو بیرون ملک بدنام کرو، انہیں خط لکھو کہ پاکستان کی فوج کو اسلحہ اور طیارے نہ دیں، کیا یہ حب الوطنی ہے، جس ملک نے تمہیں کھلاڑی بنایا اور 1992ء کے ورلڈکپ کا ہما تمہارے سر پر بٹھایا اس کی بھی تاریخ ہم جانتے ہیں، وہاں پر بھی آپ میں میں ہی کرتے رہے اور ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کی تو آپ نے بات ہی نہیں کی،

اﷲ تعالیٰ نے پاکستان پر کرم کیا تھا اور ٹیم ورک کے ساتھ ورلڈکپ میں کامیابی حاصل ہوئی تھی، ٹیم میں تو جاوید میانداد اور دوسرے کھلاڑی بھی تھے، اﷲ تعالیٰ نے ٹیم کو عزت دی لیکن آپ کو وہ عزت راس نہ آئی اور آج آپ اس جگہ پر پہنچ گئے ہیں کہ وزیراعظم بننے کے بعد ملک کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں، یہ ہم نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر ان ہتھکنڈوں کو ناکام کریں گے اور پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شاہین چوک فلائی اوور منصوبہ تین ماہ میں مکمل کیا جائے۔ تقریب سے وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی اور چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل نے بھی خطاب کیا۔