لاہور۔30اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر تیانجن روانہ ہو گئے ۔ ہفتے کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم کو چین کے دورے کی دعوت دی ہے ، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات ونشریات عطا للہ تارڑ اور وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی ہمراہ ہیں۔ وزیرِ اعظم اپنے دورے میں 25 ویں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے،وہ پاکستان کی خطے میں امن کی کوششوں، علاقائی روابط میں اضافے اور خطے کی عوام کی ترقی کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بھی پیش کریں گے۔
محمد شہباز شریف خطے میں موجود ممالک پر موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات بشمول بڑھتی ہوئی قدرتی آفات کے نئے چیلنجز پر روشنی ڈالیں گے۔ وزیرِ اعظم سربراہی اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ بعد ازاں وزیر اعظم چین کے دارالحکومت بیجنگ جائیں گے جہاں وہ صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر چینی پیپلز وار آف ریزسسٹنس میں فتح کی 80 ویں سالانہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ وزیرِ اعظم چین پاکستان تجارتی تعلقات کے فروغ اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں اضافے کےلئے چین میں منعقدہ دوسری بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے بارے میں آگاہی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دیں گے۔