اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):ملکی عسکری و سیاسی قیادت نے مادر وطن کے دفاع کیلئے پاکستان کے دوٹوک عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کے تمام دیگر عناصر اور ریاستی اداروں کے تعاون سے پاکستان کی سلامتی اور عزت و وقار کے تحفظ کا ہر حال میں دفاع کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور مسلح افواج کے سربراہان کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران وزیراعظم کو پاکستان کی مشرقی سرحد پر بھارت کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اور اشتعال انگیز رویے کے تناظر میں روایتی خطرے سے نمٹنے کی تیاریوں اور سلامتی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
قیادت کو علاقائی سلامتی کے حوالے سے پیشرفت اور ابھرتے ہوئے خطرات سے آگاہ کیا گیا جن میں روایتی فوجی آپشنز، ہائبرڈ وار فیئر کی حکمت عملی اور دہشت گردی کی پراکسیز شامل ہیں۔ وزیراعظم اور ان کے ساتھ موجود شخصیات نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کیلئے قومی نگرانی بڑھانے، بلاتعطل انٹر ایجنسی تعاون اور آپریشنل تیاریوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی کی پیشہ وارانہ مہارت اور تزویراتی بصیرت کو سراہتے ہوئے قومی مفادات کے تحفظ اور پیچیدہ اور بدلتے ہوئے حالات میں قومی سلامتی کے حوالے سے فیصلہ سازی میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری بہادر مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے، پاک فوج دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ وارانہ اور نظم و ضبط والی فورسز میں شمار ہوتی ہے۔
قیادت نے روایتی یا دیگر تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کیلئے پاکستان کے دوٹوک عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجدید کی کہ قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کے تمام عناصر اور ریاستی اداروں کے تعاون سے ہر حال میں پاکستان کی سلامتی اور عزت و وقار کو برقرار رکھنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593420