وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بنوں شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

123
Prime Minister Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جس میں 13 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان کارروائیوں میں 13 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد اویس کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے شہید میجر اویس کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہید میجر اویس کو سلام پیش کرتی ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔