اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حساس قیمتوں کے اشاریے (سینسیٹو پرائس انڈیکس) کی سالانہ شرح منفی 3.52 فیصد تک کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی اشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی طرف گامزن ہیں، حکومت عوام کو بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کے ثمرات منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ 2024ء کے اسی ماہ میں حساس قیمتوں کے اشاریے کی شرح 26.94 فیصد تھی جو کہ اپریل 2025ء میں منفی 3.52 ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی اشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی طرف گامزن ہیں ، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کے ثمرات ملیں ۔ وزیراعظم نے حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587902