وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب کامیاب ہو گا، چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی کی پریس کانفرنس

89

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب کامیاب ہو گا، ہماری اپنی جماعت ہے، ہم کسی جماعت کے غلام یا تابع نہیں، عمران خان سے پوچھا جائے کہ اگر میں نے کوئی تنخواہ یا مراعات حاصل کی ہو تو احتساب کیلئے خود کو پیش کرتا ہوں۔

منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں، عمران خان کی حکومت میں ملک اور دین کیلئے جو کچھ کر سکتے تھے کیا، اس دوران اسلامی تعاون تنظیم اجلاس میں بھی اہم کردار اد اکیا، اب بھی اسی جذبہ کے ساتھ کوشش کریں گے، سعودی عرب میں بھی ہمارے تین ملین کے قریب لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب نہایت اہم ہو گا ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع اور معیشت بھی مضبوط ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا تعلق پاکستان کے ساتھ ہے اور پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور انہوں نے جب بھی ہمیں آواز دی ہے تو ہم نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اتحادی جماعتوں کا محدود وفد سعودی عرب جا رہا ہے

۔ انہوں نے کہا کہ کل سے میرا نام آیا ہے اور میرے خلاف گالی گلوچ کی جا رہی ہے، الزام لگانے والے پہلے تحقیق کر لیا کریں، عمران خان اور پی ٹی آئی سے پوچھا جائے کہ ان کے دور حکومت میں، کیا میں نے کوئی ذاتی مفاد یا سرکاری مراعات لی ہیں، جو سفر کئے ہیں وہ اپنے خرچ پر کئے ہیں، میں ان چند افراد میں سے ہوں جس نے بیت اللہ کا اکیلا طواف کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی اختلاف نہ بنائیں، میثاق معیشت کو میثاق پاکستان بنائیں اور پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دور سعودی عرب کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی جماعت ہے ، ہم کسی جماعت کے غلام نہیں ہیں، کوئی بھی حکومت اچھا کام کرے گی تو اسے سراہیں گے جبکہ غلط کام پر تنقید کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی نسبت حرمین شریفین سے ہے اور ہر ایک کی کوشش ہے کہ وہ مقدس زمین پر جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نہ سعودی عرب بلکہ دنیا کے آخری کونے میں پتہ چلے کہ پاکستان کا فائدہ ہے ہم وہاں بھی جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے سلامتی کے ادارے میرے اور میری قوم کیلئے سب سے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مستحکم اور مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، ہم سب کا دین ایک ہے، سعودی عرب نے مشکل حالات میں بھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا۔

مفتاح اسماعیل بیان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالہ سے وضاحت کر چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کےد ور حکومت میں کوئی مراعات نہیں لی ہیں، پی ٹی آئی کے ورکرز سے گزارش ہے کہ گالی گلوچ سے گریز کریں۔