اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک،ضلع شمالی وزیرستان میں دتا خیل اور ضلع مہمند میں ممد گٹ کے علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم عمل رہیں گے۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے ان دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے ،فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں میں 11 خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا،پوری قوم کو دہشتگردوں کے خلاف اس جنگ میں شریک سیکورٹی فورسز کے تمام جوانوں پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کے ان دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف اس جنگ میں متحد ہے،حکومت اور سیکورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم عمل رہیں گے۔