اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےمعرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہداء پیکیج اورآپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کیا ہے،معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم نے 16 مئی 2025، جمعہ کے روز پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ یوم معرکہ حق ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا،ہماری بہادر افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔وزیرِاعظم نے 16 مئی 2025ء جمعہ کے روز پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
جمعہ کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے، اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کریں گے۔وزیرِ اعظم نے بھارتی حملوں سے متاثرہ لوگوں اور املاک کیلئے بھی بڑے فیصلے کئے ہیں۔وزیراعظم نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہداء پیکیج کا اعلان کیا ہے،معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے رقم دی جائے گی ۔پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو گھر کی سہولت کے لئے رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔
پاک افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الائونسز جاری رہیں گی۔پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، پاک افواج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لئے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی ،پاک افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی،شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم یہ فرض پورا کریں گے،زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت وعظمت کے تحفظ اور دفاع میں جس نے جس محاذ پر جو خدمات سر انجام دی ہیں، ان کا اعتراف قومی سطح پر کیاجائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596247