اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو فوری اور موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پر نگرانی کرنے اور احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ۔
وزیراعظم کے احکامات پر وزارت داخلہ فوری طور پر حرکت میں آگئی ہے اور چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹریز کو ہنگامی خط ارسال کیا گیا ہے جس میں عمران خان کیلئے سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اپنے ہنگامی مراسلے میں وزارت داخلہ نےکہا ہے کہ ملک بھر میں عمران خان جہاں بھی جائیں ان کی سخت سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
وزارت داخلہ نے عمران خان کی بنی گالہ رہائشگاہ پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگر ضروری سکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزارت داخلہ نے انتباہ کیا ہے کہ عمران خان کے جلسے، جلوس اور عوامی سرگرمیوں کے دوران سکیورٹی سے متعلق کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔