وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پشاور مسجد دھماکہ کے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کے لئے معاوضے کا اعلان

119
شہباز شریف

پشاور۔3فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 30 جنوری کو پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کے شہداء کے ورثاء کے لئے 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کو یہاں گورنر ہاؤس میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ معاوضے کی رقم اس غم اور دکھ کا مداوا نہیں ہے جس سے متاثرین کے اہلخانہ گزر رہے ہیں بلکہ یہ وفاقی حکومت کی جانب سے سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کی مالی مشکلات کو کم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم بشمول سول و ملٹری آرمڈ فورسز، سول سوسائٹی، عوام اور سرکاری افسران نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں ۔