وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ’’کوپ-27‘‘کانفرنس کے لیے مصر کا دورہ،وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر اراکین بھی ہمراہ ہوں گے

523
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف 7-8 نومبر 2022 کو ”شرم الشیخ کلائمیٹ امپلی منٹیشن سمٹ”میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلی حکام بھی ہوں گے۔

وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی27 ویں کانفرنس (COP-27) کے ایک حصے کے طور پر ہو رہا ہے۔ کوپ۔ 27کی مصری صدارت کی دعوت پر، وزیر اعظم 8 نومبر 2022 کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ ”کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز” پر ایک اعلی سطحی گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔

وزیر اعظم اعلی سطحی تقاریب بشمول اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے آغاز کے لیے گول میز اجلاس میں بطور سپیکر شرکت کریں گے جبکہ 7 نومبر کو "مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ”؛ جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں میں بھی شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم سمٹ کی سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔کوپ-27 ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان کے لاکھوں شہری اور دنیا کے دیگر حصوں میں کروڑوں افراد ماحولیاتی تبدیلی کے شدید منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس رجحان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر، پاکستان ماحولیاتی یکجہتی اور موسمیاتی انصاف کی فوری ضرورت کے لیے ایک مضبوط کال کرے گا، جو مساوات اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں کے قائم کردہ اصولوں پر مبنی ہے۔ 77 گروپ کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے، جو کہ اقوام متحدہ کے نظام میں ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مذاکراتی بلاک ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات بشمول موضوعاتی شعبوں جیسے کہ موسمیاتی مالیات، موافقت، تخفیف، اور صلاحیت کی تعمیر میں گروپ کی قیادت بھی کرے گا۔

کوپ -27اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج کانفرنس(یو این ایف سی سی سی ) کے تحت فیصلہ سازی کا سب سے بڑا ادارہ ہے، جو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کا جائزہ لینے اور آگے بڑھانے کے لیے سالانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرتا ہے۔ ایک اہم سٹیک ہولڈر کے طور پر، پاکستان عالمی ماحولیاتی تبدیلی پر بحث، مذاکرات اور اجتماعی کارروائی میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔