اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کےضلع کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔
بدھ کو وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو انتہائی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے،ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔