خانکندی۔4جولائی (اے پی پی):اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی مثالی میزبانی پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 27 سے 29 مئی 2025 کو آذربائیجان کے شہر لاچین کے حالیہ دورے کے دوران پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے دوران پاکستان کے لئے آذربائیجان کی مستقل حمایت پر صدر الہام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بھی مشکل وقت میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت کی ہے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنمائوں نے اقتصادی شراکت داری بالخصوص آذربائیجان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ بات چیت باہمی تعلقات کی مزید مضبوطی میں معاون ثابت ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے صدر الہام کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔