نیویارک۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس سے ملاقات کی اور مقبوضہ وادی میں بھارت کی جارحانہ کارروائیوں پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے تنازعہ کے حل اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی شدید مذمت اور غیر مشروط فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے "مستقبل کی سربراہی” کانفرنس کے انعقاد کا خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس کے نتائج سے ترقی پذیر ممالک کو پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) اور موسمیاتی اہداف کے نفاذ کے لئے مالیاتی خلا اور نظام کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم نے مقبوضہ وادی میں بھارت کی جارحانہ کارروائیوں پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے تنازعہ کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لئے اپنے اثرو رسوخ کا استعمال کریں۔ وزیراعظم نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی شدید مذمت کی اور فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اسرائیل کا احتساب کرے۔ وزیر اعظم نے خودمختار ریاست فلسطین جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کو روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے سال 26۔2025 کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لئے فعال کردار ادا کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی فعال شمولیت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے امن مشن میں شرکت اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لئے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔