وزیراعظم محمد شہباز شریف کی انڈونیشیا کے صدر جوپوویدود کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی

69

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈونیشیا کی کمپنیوں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں پرکشش سرمایہ کاری ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈونیشیا کے صدر جوپوویدود کے ساتھ عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان طویل مدتی تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا جو کہ مشترکہ عقیدہ، باہمی مفاہمت اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشترکہ نکتہ نظر پر مبنی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تمام سطحوں پر بات چیت اور روابط میں اضافے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے انڈونیشیا کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ انڈونیشیا کے صدر نے بھی وزیراعظم کو انڈونیشیا کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے انڈونیشیا کی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں اور پاکستان کے پرکشش سرمایہ کاری ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔

وزیراعظم نے پاکستان کو بروقت پام آئل کی فراہمی یقینی بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اسلامی ممالک میں سے دو بڑے ملک ہونے کی حیثیت سے امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔