اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے خیموں کی بقایا کھیپ کی تیاری و ترسیل 23 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا ہے کہ خیمے فضائی راستے سے بھیجے جائیں،نئے خیموں کے معیار کو نظر انداز کئے بغیر کم سے کم نرخوں پر تیار کیا جائے، ترکیہ میں بھیجے جانے والے خیموں کا معیار جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی ویری فیکشن یقینی بنائی جائے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے کسٹم حکام کو امدادی سامان کی فوری ترسیل کیلئے ہوائی اڈوں پرخصوصی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کر رہا ہے۔تعلیمی اداروں میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے فنڈ ریزنگ کو مزید تیز کیا جائے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی کاروائیوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے پاکستان کی طرف سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے اس وقت تک مجموعی طور پر زلزلہ متاثرین کیلئے 8 ہزار سے زائد سردی سے بچاؤ کے خیمے جبکہ 37 ہزار سے زائد کمبل بھیجے جا چکے ہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پروازوں میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 8 سے 15 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے بھیجا جار ہا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 28 فروری 2023 کو پاکستان نیوی کا ایک بحری جہاز تقریباً ایک ہزار ٹن امدادی سامان لے کرشام اور ترکیہ روانہ ہو رہا ہے جس میں شام کے متاثرین کیلئے جنریٹرز، خشک راشن، دوائیاں جبکہ ترکیہ کے متاثرین کیلئے سردی سے بچاؤ کے خیمے اور کمبل شامل ہیں۔ اسکے علاوہ 21 این ایل سی کے ٹرکوں کا قافلہ 251 ٹن امدادی سامان لے کر 25 فروری 2023 کو ترکیہ کے شہر ملاطیہ پہنچ چکا ہے۔اجلاس کو چیئرمین این ڈی ایم اے کی طرف سے سردی سے بچاؤ کے خیموں کی تیاری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے ان خیموں کی تیاری و ترسیل کو 23 مارچ تک مکمل کرکے 50 ہزار خیمے فضائی راستے سے ترکیہ بھجوانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو ملک گیر امدادی مہم کے بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف خیراتی و انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی طرف سے این ڈی ایم اے کے کلیکشن سینٹرز پر جمع ہونے والی اشیاء کو زمینی و فضائی راستے سے ترکیہ اور شام بھیجا جا رہا ہے جن میں گرم کپڑے، دوائیاں، کمبل، اشیاء خورونوش، جنریٹر وغیرہ شامل ہیں۔ اجلاس کو بھیجے جانے والے راشن کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو ترکیہ اور شام میں پاکستان کے سفراء نے امدادی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔ شام کے سفیر نے پاکستان کی طرف سے بھیجی جانے والے مدد کے مثبت ردعمل اور شام میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے بچوں کی طرف سے ایک امدادی ٹرک اور 2 کروڑ سیرئین پاؤنڈ کی امداد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
ترکیہ میں پاکستان کے سفیر نے اجلاس کو بتایا کہ ترکی میں اب بھی سردی سے بچاؤ کے خیموں اور کمبلوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کو منظم رکھنے کیلئے ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانہ ترک حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، شام اور ترکیہ میں پاکستان کے سفراء اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=353328