اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کوئٹہ سبی ٹرانسمیشن لائن بحال کر دی گئی جس کے بعد کوئٹہ کو 300 میگا واٹ بجلی کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق 220 کے وی کوئٹہ انڈسٹریل گرڈ سٹیشن بھی بحال کر دیا گیا ہے جس کے بعد علاقے کے 132 کے وی کے19 گرڈز کوئٹہ انڈسٹریل گرڈ سٹیشن سے منسلک کر دیے گئے ہیں۔
قومی شاہراہ این 65 (سکھر – کوئٹہ) کو بھی ہیوی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے جس سے نصیرآباد ڈویژن اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے میں آسانی ہو گی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کو خود مانیٹر کر رہے ہیں، اس حوالے سے انھیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=327329