لاہور۔20مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بلوچستان میں مارگیٹ کے علاقے زرغون میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
پی ایم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پاک فوج کے شہید جوانوں بشمول سپاہی ضمیر احمد، سپاہی مدثر اور لانس نائیک عبدالقدیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے شہدا کے بلندی درجات کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ قبل ازیں انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ پاک فوج کے تین جوانوں نے ہفتہ کو بلوچستان کے علاقے مارگیٹ کے علاقے زرغون میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کو بہادری سے ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشتگردبھی جہنم واصل ہوا۔