وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صنعتی شعبے کے حوالے سے بجٹ تجاویز پر اجلاس، صنعتی شعبے سے تجاویز بجٹ کا حصہ بنانے کی ہدایت

284
محمد شہباز شریف
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کی ٹیلی فون پر گفتگو

لاہور۔30مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور معیشت کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی، صنعتی شعبے کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات بجٹ کا حصہ ہوں گے، گزشتہ حکومت نے اپنی حکومت بچانے کیلئے آئی ایم ایف معاہدہ توڑا جس کا خمیازہ 22 کروڑ عوام بالخصوص صنعتوں کو بھگتنا پڑا، ہم سب مل کر اس معاشی مشکل سے بتدریج نکل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعتی شعبے کے حوالے سے بجٹ تجاویز پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور معیشت کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات بجٹ کا حصہ ہوں گے، میں بذاتِ خود یقینی بنائوں گا کہ صنعتی شعبے سے تجاویز بجٹ کا حصہ بنائی جائیں۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چھوٹے، بڑے اور برآمدی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ کے درمیان حائل تمام غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کو روکا، گزشتہ حکومت نے اپنی حکومت بچانے کیلئے آئی ایم ایف معاہدہ توڑا جس کا خمیازہ 22 کروڑ عوام بالخصوص صنعتوں کو بھگتنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مشکلات آتی ہیں، پاکستانی قوم با ہمت قوم ہے، ہم سب مل کر اس معاشی مشکل سے بتدریج نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، پوری قوم، صنعتکار اور کاروباری حضرات مل کر پاکستان کے بہتر حالات کیلئے محنت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک برس شرپسند عناصر نے کبھی لانگ تو کبھی شارٹ مارچ اور دھرنوں سے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، 9 مئی کے واقعات نے نہ صرف ملک میں شر پھیلایا بلکہ پاکستان کو شدید معاشی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں کو سستی توانائی فراہم کرکے ان کی پیداواری لاگت مزید کم کرے گی، حکومت یہ بھی یقینی بنائے گی کہ بینک چھوٹی صنعتوں کو آسان شرائط پر قرض فراہم کریں۔ وزیرِ اعظم نے مشیرِ وزیرِاعظم احد چیمہ کو اجلاس میں صنعتکاروں کی طرف سے دی گئی تجاویز کو حتمی شکل دے کر بجٹ میں شمولیت کیلئے تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ملک کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے معروف صنعتکار اور سرمایہ کار وڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزراء اسحاق ڈار، سید نوید قمر، احسن اقبال، مخدوم مرتضیٰ محمود، انجینئر خرم دستگیر خان، وزیرِ مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی طارق باجوہ، جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی قیصر شیخ، گورنر سٹیٹ بینک، چیئر مین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارتِ تجارت اور وزارتِ صنعت و پیداوار کی طرف سے مختلف شعبوں کی طرف سے تجاویز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں نے بھی ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔ وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو ان تجاویز پر تفصیلی ورکنگ کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔