اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے محصولات سے متعلق تمام کیسز کو جلد سے جلد نمٹانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹیکس محصولات سے متعلق کیسز میں ایف بی آر کی جانب سے اچھی شہرت کے حامل وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے محصولات کے حوالے سے زیر التوا ءکیسز پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ محصولات سے متعلق تمام کیسز کو جلد سے جلد نمٹانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، ٹیکس محصولات سے متعلق کیسز میں ایف بی آر کی جانب سے اچھی شہرت کے حامل وکلاء کی خدمات لی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے نظام میں تیزی سے اصلاحات نافذ کر رہے ہیں، الحمد للہ ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم نے محصولات کے حوالے سے کیسز کا فرانزک آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے افسران جو کمزور یا غلط بنیادوں پر کیسز بنانے میں ملوث پائے گئے ا ن کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، ایسے افسران جنہوں نے دیانتداری اور محنت سے میرٹ پر کیسز بنائے ان کو خصوصی انعام سے نوازا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد اچھی شہرت کے وکلاء کو پینل پر لانے سے جولائی تا دسمبر 2024 ہائی کورٹ میں 586 کیسز جبکہ سپریم کورٹ میں 637 زیر التواء کیسز نمٹائے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کی مختلف عدالتوں و ٹربیونلز میں 4.7 ٹریلین روپے کے 33522 کیسز اس وقت التواء کا شکار ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اعلیٰ عدالتوں کے حوالے سے ایف بی آر میں لٹیگیشن مینجمنٹ ڈیش بورڈ تیار ہوچکا جبکہ وزارت قانون و انصاف میں ٹیکس ٹربیونلز مینجمنٹ سسٹم کی تیاری بھی حتمی مراحل میں ہے جس کا اجراء جلد کر دیا جائے گا۔وزیر اعظم نے زیر التواء کیسز کو جلد نمٹائے جانے کیلئے اقدامات کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، اٹارنی جنرل منصول اعوان، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔