اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور متاثرین کو خیمے، اشیا خوردونوش اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی فوری ہدایات دیں۔ انہوں نے سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ سیلاب متاثرین کو خیموں، اشیاءِ خوردنوش اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور متاثرین کو فوری طور پر 25 ہزار روپے فی خاندان فلڈ ریلیف کیش پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں کسی بھی قسم کا تعطل یا غفلت کسی صورت منظور نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مشترکہ سروے کی تکمیل اور مکمل بحالی تک سیلاب متاثرین کی فوری مدد میں کسی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے۔ وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ انفرا سٹرکچر کو متاثرہ جگہوں تک امداد پہنچانے کیلئے بحال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے پی ڈی ایم اے ، این ڈی ایم اے ، بلوچستان حکومت اور وزارتِ منصوبہ بندی کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں سیلاب سے نقصانات اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وفاقی وزیر براقتصادی امور سردار ایاز صادق اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔