وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ۔۔۔ ملک میں تشدد اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہ کرتے ہوئے ”زیرو ٹالرینس“ پالیسی اپنائی جائے گی، 9 مئی کا دن قومی سطح پر یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

265
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ، ملک میں تشدد اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہ کرتے ہوئے ”زیرو ٹالرینس“ پالیسی اپنائی جائے گی، 9 مئی کو قومی سطح پر یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):قومی سلامتی کمیٹی نے ذاتی مفادات اور سیاسی فائدے کے حصول کے لئے جلائو گھیرائو اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ فوجی تنصیبات اور عوامی املاک کی حرمت و وقار کی خلاف ورزی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی اور 9 مئی کے سانحہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ فورم نے سیاسی اختلافات کو محاذ آرائی کے بجائے جمہوری اقدار کے مطابق مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں سروسز چیفس، سلامتی سے متعلق اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے اعادہ کیا کہ ملک میں تشدد اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہ کرتے ہوئے ”زیرو ٹالرنس“ کی پالیسی اپنائی جائے گی۔

اجلاس نے 9 مئی کا دن قو می سطح پر یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے شرکاءنے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ شرکاءنے ذاتی مفادات اور سیاسی فائدے کے حصول کے لئے جلائوگھیرائواور فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ شرکاءنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوجی تنصیبات اور عوامی املاک کی حرمت و وقار کی خلاف ورزی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی اور 9 مئی کے سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اجلاس نے آئین کے مطابق متعلقہ قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے شرپسندوں، منصوبہ سازوں، اشتعال پر اکسانے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مقدمات درج کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کے فیصلے کی بھی تائید کی۔ فورم نے واضح کیا کہ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔

اجلاس کے شرکاءنے شہداءاور ان کے اہل خانہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس نے سوشل میڈیا کے قواعد وضوابط کے سختی سے نفاذ و قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ بیرونی سرپرستی اور داخلی سہولت کاری سے کئے جانے والے پروپیگنڈے کا تدارک کیا جا سکے اور اس کا ارتکاب کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ اجلاس نے عالمی سیاسی کشمکش اور دشمن قوتوں کی عدم استحکام کی پالیسیوں کی وجہ سے بڑھتے ہوئے پیچیدہ جیو سٹرٹیجک ماحول میں قومی اتحاد اور یگانگت پر زور دیا۔ فورم نے سیاسی اختلافات کو محاذ آرائی کے بجائے جمہوری اقدار کے مطابق مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔