وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فٹ بال ورلڈ کپ میں سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کی کامیابی پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد

253

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فٹ بال ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے خلاف سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کی کامیابی پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دی ہے۔

منگل کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ارجنٹائن کے خلاف فیفا ورلڈکپ کے سنسنی خیز میچ میں سب سے بڑا اپ سیٹ کرکے تاریخ رقم کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس کامیابی پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عظیم کامیابی پر اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کی خوشی میں شریک ہیں۔