لاہور۔31مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے،حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے،دفاعی میدان میں کامیابی کے بعد حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کویہاں ایکسپو سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ سوچ اور ان کی باصلاحیت ٹیم کی بدولت پاکستان دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کر رہا ہے ،معیشت میں استحکام آیا ہے ،مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے، معاشی استحکام میں دنیا اب پاکستان کی معترف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے تحت پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جس سے پاک فوج نے پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، آج پاکستان دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر ظاہر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دفاعی میدان میں کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی اب ساری توجہ معاشی ٹارگٹس کے حصول پر مرکوز ہے، آئی ٹی ، ٹیکنالوجی ،آرٹس اینڈ کلچر اورایگریکلچر جبکہ فوڈ پراسیسنگ کی اس وقت پاکستان میں بہت ضرورت ہے، ملک میں انڈسٹری کو فروغ دینے کےلئے بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،صنعت کی ترقی سے بےروزگاری میں کمی اور زرمبادلہ میں اضافہ ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر شعبہ میں نوجوانوں کو آگے لانے کےلئے وسیع مواقع فراہم کر رہی ہے ،پاکستان میں باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں لیکن اس ٹیلنٹ کو پوری دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی منڈی میں ہماری شناخت مضبوط ہو۔ انہوں نے کہاکہ ایکسپو سنٹر کاروباری لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،آج یہاں پرفوڈ اینڈ بیوریج پروسیسنگ اور پیکنگ ٹیکنالوجیز کے حوالے سے جو نمائش منعقد کی گئی ہے وہ سرمایہ کاروں کےلئے نہایت احسن اقدام ہے، اس طرح کی نمائش کے انعقاد سے ملکی معیشت میں استحکام آئے گا اور سرمایہ کار پاکستان کا رخ کریں گے ۔
اس نمائش میں فوڈ کلرز اور پروسیسنگ سے متعلقہ جدید ٹیکنالوجیز پیش کی گئی ہیں، جس میں 200ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی ہے جس میں ملک بھر سے 100 سے زائد فوڈ کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے جن میں فوڈ کلرز، فلیورز، بیکری آئٹمز، کوکو پاوڈر اور مختلف اقسام کے خام مال کے سٹالز خاص توجہ کا مرکز بنے رہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نمائش کا مقصد فوڈ انڈسٹری کی جدید ٹیکنالوجیز کو اجاگر کرنا اور ملکی صنعت کاروں و نوجوانوں کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر مختلف کمپنیوں نے اپنے جدید پراڈکٹس اور ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔نمائش میں صنعت کاروں، نوجوانوں، طلبہ اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف سٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603735