وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نوجوانوں کو ملکی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی تربیت کو بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی تربیت کو بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے اور نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور اے آئی، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں بہترین تربیت کی فراہمی کے لیے روڈ میپ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی تربیت کو بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے اور نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور اے آئی، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں بہترین تربیت کی فراہمی کے لیے روڈ میپ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے اجلاسں بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو ملکی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی تربیت کو بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے ملک کی اکثر جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی تعلیم جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہے۔ انہوں نے ملک بھر کی جامعات میں آئی ٹی کے شعبوں میں فراہم کی جانے والی تعلیم و تربیت کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے اے آئی، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس وغیرہ میں بہترین آئی ٹی تربیت فراہم کرنے کے لیے روڈ میپ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو پاکستانی جامعات سے آئی ٹی کے شعبے میں فارغ التحصیل طلباء کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے ایچ ای سی کی جانب سے حال ہی میں منعقدہ ٹیسٹ کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی کے طلباء کے لیے منعقدہ نیشنل سکلز کومپیٹینسی ٹیسٹ میں پورے ملک کے 190 اعلیٰ تعلیم کے اداروں سے 33038 طلباء شامل ہوئے۔ صرف 0.4 فیصد طلباء نے 80 فیصد سے زائد، 3.6 فیصد طلباء نے 68-79 فیصد، 13.2 فیصد طلباء نے 58-67 فیصد اور 21.3 فیصد طلباء نے 50-57 فیصد نمبر حاصل کیے جبکہ 61 فیصد طلباء نے 50 فیصد سے کم نمبر لئے۔ یہ ٹیسٹ ملک کے مختلف شہروں میں قائم کردہ سینٹرز میں کڑی نگرانی اور مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کیے گئے۔

ٹیسٹ کا مقصد وزیر اعظم کی ہدایت کے تحت ان آئی ٹی طلبا کو یونیورسٹیوں میں فراہم کی جانے والی تعلیم و تربیت کو مارکیٹ میں درکار ہنر اور مہارت کی ضروریات کے مطابق جانچنا تھا۔ وزیراعظم نے ٹیسٹ کے نتائج میں مطلوبہ معیار حاصل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ بریفنگ کے مطابق ٹیسٹ کے نتائج کی روشنی میں ملک بھر کی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے اصلاحات پر کام شروع ہو چکا ہے۔

مزید خبریں