اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی کے قافلے پر خارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے ایف سی اور پولیس کے افسران و اہلکاروں کی عظیم قربانیاں ہیں، اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک سے فتنہ الخوارج کی عفریت کے خاتمے کیلئے مصروفِ عمل سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کی اس جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وزیرِاعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہتریں طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے شہید کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔